Pages

بدھ، 20 جولائی، 2016

خوشحال گھرانہ کیسے بنائیں

تم میں سے بہترین وہ لوگ ہیں جو اپنی عورتوں کے حق میں اچھے ہیں (ترمذی)

گزشتہ رات ایک سوشل میڈیا کی علماء کی مجلس میں بیوی کے حقوق سے متعلق کچھ باتیں چلیں، میں نے بھی کچھ باتیں کہیں تو کچھ دوستوں نے مشورہ دیا  کہ اس پر بلاگ لکھ دو تاکہ اچھی باتیں زیادہ لوگوں تک جائیں ۔

میں دعوی تو نہیں کرسکتا کہ میں بہت اچھا شوہر ہوں لیکن ہمیشہ کوشش کرتا ہوں کہ جو بھی رشتہ اللہ نے مجھ سے جوڑا ہے اس رشتہ کی قدر اور عزت ضرور کروں اور اچھے سے اچھا برتاو کروں تاکہ قیامت کے روز اللہ کے حضور سرخرو ہوسکوں کیونکہ حدیث شریف میں آتا ہے کہ تم میں سے ہر ایک کو اللہ نے  ذمہ دار بنایا ہے اور بروز قیامت اس سے متعلق سوال کیا جانا ہے۔

چند ضروری چیزیں ہم سب مردوں کو یاد رکھنی چاہئیں

·        عورت  (بیوی) بھی ہم جیسی ایک آزاد انسان ہوتی ہےجو صرف اللہ کے نام پر (نکاح) اپنے آپ کو ہمارے سپرد کرتی ہے لھذا اسکی اس نیکی کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے
·        عورت کا سفارشی کوئی اور نہیں بلکہ اللہ تعالی اور اللہ کے رسول ﷺ ہیں
·        عورت ایک خالی کاغذ ہے جو لکھوگے زندگی بھر وہی پڑھوگے، لھذا پہلے ہی دن سے اسکی تربیت ،اصلاح کا اہتمام کرو
·        بیوی صرف مرد کی راحت کا سامان نہیں بلکہ اس کی تربیت بھی مرد کے ذمہ ہے۔ تم ایک عورت کی تربیت کرلو وہ تمہاری نسلوں کی تربیت کریگی
·        بحیثیت انسان اس کے جتنے حقوق ہیں اگر ادا نہ کئے تو قیامت میں سوال ہوگا
·        وہ پاوں کی جوتی نہیں بلکہ تمہاری عزت ہے ، آنکھوں کی ٹھنڈک ہے
·        وہ ایک بہترین دوست ہے اگر دوست بناؤ تب
·        تمہیں وہ اللہ کا حکم مانتے ہوئے اپنے صحیح غلط کے فیصلہ کا حق دیتی ہے اسکا غلط استعمال نہ کرنا ورنہ سخت پکڑ ہوگی
·        اپنے رویئے سےاسے یہ احساس دلاؤکہ تم انصاف پسند ہو
·        اس سے مشورہ کرو، اسے مشورہ دو ،جتنے سمجھدار خود ہو اسے بھی اتنا سمجھدار بنانے کی کوشش کرو، اس کی خوبیاں اپناؤ اپنی خوبیاں سکھاؤ
·        شادی کے ابتدائی ایام میں اپنے ہمسفر کو سمجھو ، اسے کیا پسند ہے کیا ناپسند ہے، اس میں کیا خوبی ہے کیا کمی ہے ، وہ کیا سوچتی ہے کیسے سوچتی ہے ، اسے غصہ کب آتا ہے ، وہ مانتی کیسے ہے وغیرہ ۔۔۔اور تم کیا ہو کیا چاہتے ہو کیسے سوچتے ہو دنیا کو کس نظر سے دیکھتے ہو یہ سب باتیں اسے بتاو۔۔۔۔۔۔ جی ہاں یہ جاننا بہت ضروری ہے کیونکہ اس انسان کے ساتھ آپ نے زندگی بھر رہنا ہے جب تک جانوگے نہیں تو خوشحال گھرانہ کیسے بنے گا؟
·        کچھ عادتیں ایسی ہوتی ہیں کہ انسان مجبور ہوجاتا ہے وہ بھی ایک دوسرے ساتھ شئیر کرو جیسے:
o       میں نے اپنی بیوی کو یہ بتادیا تھا کہ زندگی میں کسی بھی موڑ پر میرے مقابلے میں آکر کھڑی نا ہوجانا کیونکہ مقابلہ کی صورت میں سامنے والی چیز کو میں توڑ دیتا ہوں (مقابلے میں اتنی تیاری کرکے آتا ہوں کہ اگلے کی شکست یقینی ہوتی ہے) یا اگر میں غصہ میں آجاؤں تو پلیز اس وقت تم خاموش رہنا تاکہ بات زیادہ نہ بڑھے، بعد میں جب میں نارمل ہوجاؤں  تو مجھے بتادینا کہ میں کہاں غلط تھا۔
o       یہ ہی عمل میں بھی اس کے ساتھ کرتا ہوں اگر کوئی بات اسکے دل میں ہے تو مکمل آزادی دیتا ہوں اسکو، پہلے دل کا بوجھ ہلکا کرلو بعد میں جہاں وہ درست ہوتی ہے اسے سوری کرتا ہوں اور جہاں وہ غلط ہوتی ہے اسکی تصحیح کرتا ہوں کیونکہ میں نے مرنا بھی ہے اور اللہ کو جواب بھی دینا ہے تو میں ظلم کیسے اور کیوں کروں؟
·        ایک مجلس میں ایک شادی شدہ بلوچ دوست نے دوسرے غیر شادی شدہ دوست سے کہا کہ مجھے بھی کسی لڑکی کا نمبر دو دل لگی کے لئے ، میں نے اس سے سوال کیا کہ تمہاری شادی نہیں ہوئی وی؟ اسنے کہا ہاں ۔ میں نے کہا تو اپنی بیوی کو اپنی گرل فرنڈ بناکر دل لگی کیوں نہیں کرتے؟  اس نے پوچھا وہ کیسے؟ میں نے کہا آسان کام ہے۔ سب سے پہلے تو بیوی کو دوست بناو ، اسے مستی ،چھیڑچھاڑ ،شیطانی کی اجازت دو پھر دیکھو زندگی کیسی خوبصورت بنتی ہے اور ساتھ ساتھ خود بھی ایسا کرو۔ کچھ عرصے بعد ملا کہ اللہ تمہارا بھلا کرے ایک تو تم نے گناہ سے بچا دیا دوسرا وہ سادہ لڑکی نے واقعی دوست بن کر اتنی خوشیاں زندگی میں بھردیں کہ یقین ہی نہی ہوتا کہ یہ وہی عورت ہے جو سمٹی سمٹائی رہتی تھی۔
·        ہر انسان میں خامیاں ہوتی ہیں لیکن کوشش کرو کہ اپنی بیوی سے اپنی  بڑی خامیاں پوچھیدہ رکھو کیونکہ اسکا ہیرو ، فخر، نخرہ تم ہی ہو
·        گھر میں تم سے زیادہ مسٹر پرفکٹ کوئی نہ ہو
·        اصولوں والی زندگی گزارو عورت اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے
·        کبھی عورت پر ہاتھ نہ اٹھانا، یہ آخری پردہ ہوتا ہے جس دن مرد کا ہاتھ اٹھ گیا اس دن عورت کے دل سے وہ اتر جاتا ہے
·        عورت سے بدزبانی سے پیش نہ آؤ، اپنی وقعت خراب کرتے ہو، بچوں کی تربیت خراب ہوتی ہے  اور گھر کا ماحول گندہ ہوتا ہے
·        یاد رکھو جتنی عزت عورت کے دل میں تمہاری ہوگی اتنی ہی اولاد کے دل میں تمہارے لئے ہوگی لھذا بداخلاقی سے پیش نہ آو  ورنہ مستقبل میں جب تم کمزور ہو جاوگے اس دن نہ اولاد تمہاری فکر کریگی نہ بیوی
·        عورت کی فطرت کو پڑھو تو بہت سارے معاملات میں تمہیں نہ تعجب ہوگا نہ برا لگے گا اور اسے کبھی بالکل سیدھا کرنے کی کوشش نہ کرنا وہ جیسی ہے اچھی ہے کیونکہ اللہ نے اسے بنایا ہی ایسا ہے
·        ساس بہو کا معاملہ ہر گھر کی کھانی ہے، بس انصاف پسند رہو کوشش کرو کسی کا بھی کوئی دوسرا حق نہ مارے۔ اگر ماں سے زیادتی ہوتی ہے تو قیامت میں ماں کی پکڑ کا سوچ کر بھی جان کانپ جاتی ہے، اگر بہن یا بیوی سے زیادتی ہوجائے تب بھی قیامت میں اپنے ہی رسوا ہونگے  ۔ ماں بہن بیوی یہ تینوں عورتی ہیں تم مرد ہو اور اللہ کے ہاں بحیثیت بیٹا، بھائی ، شوہر مسئول ہو ہر ایک کو ادب، شفقت،پیار سے سمجھاو اور یاد رکھو یہ فطرت کے فیصلے ہیں ان میں بعض ایسی عادات ہیں جو ہم بدل نہیں سکتے، البتہ ہر ایک کو اپنی جگہ وقتا فوقتا سمجھا سکتے ہیں اور یہ عمل جب تک حیات ہے چلتے رہنا چاہئے۔
·        عورت کو کبھی بھی اسکے خاندان کا طعنہ نہ دو ، کل وہ تمہارے خاندان کی کسی کمزوری پر تمہیں طعنہ دی سکتی ہے اور یہ عادت دلوں میں ناراض گی،عداوت کا سبب بن سکتی ہے۔

اگر مزکورہ بالا اصولوں کا خیال رکھ کر زندگی گزاری جائے تو انشاء اللہ  حالات جیسے بھی ہوں گھر ضرور جنت بنا رہیگا اور جو انسان گھر سے پورا ہوتا ہے وہی دنیا کا سکندر بنتا ہے۔

نوٹ: بچوں کی تربیت کے حوالے سے انشاء اللہ جلد ہی بلاگ لکھوںگا

1 تبصرہ: